نئی دہلی،29اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)میونسپل انتخابات کو ختم ہوئے محض دو دن ہوئے ہیں اور عام آدمی پارٹی کے نئے وارڈ کونسلر نے صفائی شروع کر دی ہے۔سڑکوں پر ہاتھ میں جھاڑو لے کر اترے کونسلر نے کہا کہ جیسا عام آدمی پارٹی نے وعدہ کیا ویساکرے گی۔ کارپوریشن انتخابات میں (آپ) 270 سیٹوں پر ہوئے انتخابات میں محض 48 سیٹیں ہی جیت پائی ہے، مگر وارڈ کونسلر نے ”دہلی صفائی مہم“ شروع کر دی ہے، اسے دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کس طرح عوام کے ووٹوں کی بے رخی کے بعد عام آدمی پارٹی سکتے میں آ گئی ہے۔ کارپوریشن کونسلر طاہر کے مطابق انہوں نے کونسلر بننے سے پہلے ہی صفائی مہم شروع کر دی تھی۔ طاہر حسین نے بتایا کہ صفائی ملازمین کام یا نہ کریں، مگر ہم جھاڑو ہاتھ میں لے کر اگلے پانچ سال اسی طرح محنت سے کام کرتے رہیں گے۔طاہر نے اپنی صفائی مہم کا آغاز مندر سے کرتے ہوئے کہا کہ جب عوام نے ووٹ دیتے وقت مذہب اورذات نہیں دیکھا تو صفائی کرتے وقت میں کیوں دیکھوں،کھجوری خاص وارڈ سے نئے کارپوریشن کونسلر منوج تیاگی کے مطابق عام آدمی پارٹی کے اجلاس میں اروند کجریوال نے صفائی شروع کرنے کو لے کر خصوصی ہدایت دی اور حلف دلایا کہ تمام کونسلر اپنے کام کے تئیں ایمانداری دکھائیں گے۔تیاگی کا کہنا ہے کہ پہلے کے کونسلر نے کوئی کام نہیں کیا، اب عوام کے درمیان جائیں گے اور لوگوں کو بیدار کریں گے۔